کراچی : شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے ڈرائیور بے لگام ہوگئے، افطار کے وقت گھر کے باہر کھڑی بچی منی ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی، ایک ملزم گرفتار جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک نے ایک اور جان لے لی، کورنگی مہران ٹاؤن جلال چوک کے قریب منی ٹرک کی ٹکر سے چار سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 4سال کی بچی رخسانہ افطار کے وقت اپنے گھر سے باہر کھیلنے گئی تھی کہ اس دوران علاقے میں ریتی ڈالنے کیلئے آنے والے منی ٹرک نے بچی کو کچل دیا، حادثے کے نتیجے میں بچی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق منی ٹرک میں ایک ڈرائیور سمیت 3 افراد سوار تھے، حادثے کے بعد دو افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
علاقہ مکینوں نے ایک ملزم کو پکڑ کر پولیس کےحوالے کردیا، متوفی بچی کے لواحقین کا بتانا ہے کہ معصوم رخسانہ 3 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کی لاش کو مزید قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا۔
مزید پڑھیں : موٹر وے پر2 ٹرکوں اور کار میں خوفناک تصادم
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ فروری میں سپر ہائی پر دو ٹرک اور کار میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔
حادثہ حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے کاٹھوڑ پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔