چیمپئنزٹرافی 2025 کے سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کو دہرانے کا اشارہ دے دیا۔
آسٹریلوی کپتان نے بھارت سے ٹاکرے سے قبل دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کی پچ سطح خشک ہے، یہ اسپنرز کے لیے سازگار ہوگی، احمد آباد میں 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی فائنل پچ بھی اسی طرح کی ٹریک تھی اور آسٹریلیا بھارت سے بہتر پرفارمنس دینے میں کامیاب رہا تھا۔
بھارت کے خلاف سیمی فائنل سے پہلے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے اس بات پر بھی اظہار خیال کیا کہ دبئی کی پچ کس طرح کا برتائو کرسکتی ہے۔
کینگرو کپتان نے کہا کہ بھارت کے لیے فائدے کی بات کی جائے تو اسے ایک لحاظ سے شاید فائدہ تو ہے لیکن میں یہ یقین سے نہیں کہہ سکتا، ہاں یہ واضح ہے کہ بھارت نے اپنے تمام میچز یہیں کھیلیں ہیں۔
اسٹیو اسمتھ نے ورلڈکپ 2023 فائنل کی طرح شائقین کو خاموش کرانے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے پر یقین رکھتے ہیں، شائقین کو خاموش کرانے پر نہیں۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ بھارت نے دیکھا ہے کہ دبئی میں پچ کی سطح کس طرح کی ہے، وہ یہاں مسلسل کھیل رہی ہے اور اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، سیمی فائنل میں مقابلہ سخت ہوگا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنزٹرافی 2025 کا پہلا سیمی فائنل ون ڈے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن بھارت کے درمیان آج 4 مارچ کو ہوگا۔
بھارت کو سیمی فائنل میں ’بلیو‘ کے بجائے ’اورنج‘ جرسی پہننے کا مشورہ