بھارت کے سابق ہیڈکوچ روی شاستری نے بھارتی ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے کہ وہ چیمپئنزٹرافی سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو کس طرح ہراسکتی ہے۔
روی شاستری نے آسٹریلیا کےخلاف چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل سے پہلے بھارتی کپتان اور کوچ کو ٹیم منتخب کرنے کے حوالے سے مشورہ دیا ہے، انھوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں جاتے ہوئے کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سابقہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھیں۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پہلے بلے بازی کرتی ہے تو 240-250 یا اس سے کچھ زائد رنز بنانے ہونگے، یہ سیمی فائنل جیسے بڑے میچ کے لیے مسابقتی اسکور ہوگا۔
تاہم چیمپئنزٹرافی 2025 کے سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کو دہرانے کا اشارہ دے دیا ہے۔
بھارت کو سیمی فائنل میں ’بلیو‘ کے بجائے ’اورنج‘ جرسی پہننے کا مشورہ
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ دبئی کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہوگی، احمد آباد میں 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی فائنل پچ بھی اسی طرح کی ٹریک تھی اور آسٹریلیا بھارت سے بہتر پرفارمنس دینے میں کامیاب رہا تھا۔
اسٹیو اسمتھ نے ورلڈکپ 2023 فائنل کی طرح شائقین کو خاموش کرانے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے پر یقین رکھتے ہیں، شائقین کو خاموش کرانے پر نہیں۔