ویٹیکن سٹی : مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی طبعیت دوبارہ خراب ہوگئی، گزشتہ روز ان کی طبیعت مستحکم تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پوپ فرانسس کی طبیعت مزید خراب ہوگئی ہے ان کو سانس لینے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
اس حوالے سے ویٹی کِن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیر کے روز پوپ کو دو مرتبہ سانس کی کمی کا سامنا رہا جس کے سبب ان کو دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ نمونیا میں مبتلا 88 سالہ پوپ فرانسس 14 فروری سے اٹلی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی طبیعت میں واضح طور پر بہتری نہیں آسکی ہے۔
دنیا بھر میں مسیحی برادری کی جانب سے اپنے پوپ کی مکمل صحت یابی کے لیے مسلسل دعائیں مانگی جارہی ہیں اور گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ویٹی کِن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پوپ فرانسس کی حالت گزشتہ روز مستحکم رہی انہیں بخار بھی نہیں ہوا جبکہ انہیں وینٹی لیٹر کی بھی ضرورت نہیں پڑی۔
اتوار کو وینٹی لیٹر سے ہٹائے جانے کے بعد پیر کو انہیں دوبارہ مکینیکل وینٹی لیشن پر ڈال دیا گیا۔ انہیں جمعہ کے روز سانس لینے میں مدد دینے والی مشین سے منسلک گیا تھا، پوپ کو ٹیوب کے ذریعے وینٹی لیٹر پر نہیں ڈالا گیا بلکہ وہ مستقل ماسک استعمال کر رہے ہیں۔