کراچی : ناظم آباد عیدگاہ کے قریب فوڈ ڈلیوری کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، آگ عمارت کے بیسمنٹ میں لگی، 5 گھنٹے بعد بھی آگ نہ بُھج سکی۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد فوڈ ڈلیوری کے گودام میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 5گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا فائر فائٹرز گودام کے بیسمنٹ میں داخل نہیں ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ گودام غیر قانونی طور پربیسمنٹ میں بنایا گیا تھا اور بیسمنٹ میں جانے کیلئے ایک ہی راستہ موجود ہے۔
فائر بریگیڈ کے عملے کو بیسمنٹ میں دھواں بھرجانے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
چیف فائرافسر ہمایوں خان نے میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع9 بج کر7منٹ پر موصول ہوئی تھی، ویئر ہاؤس عمارت کی بیسمنٹ میں قائم ہے جہاں کوئی ایگزٹ پوائنٹ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 فائر ٹینڈرز اور 2واٹر باؤوز آگ بجھانے میں مصروف ہیں, ہیوی مشینری کی مدد سے گودام کی دیوار توڑ رہے ہیں، آتش زدگی کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ویئر ہاؤس میں لگنے والی آگ سے متعلق گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مئیرکراچی مرتضیٰ وہاب سے رابطہ کیا ہے۔
گورنرسندھ نے آگ کی شدت اور بجھانے کے انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا جس کے جواب میں مئیر کراچی نے بتایا کہ آگ بیسمنٹ میں لگی ہے اور وہاں جانےکا کوئی راستہ نہیں مل رہا۔
مئیر کراچی نے انہیں بتایا کہ آگ پر قابو پانےکی کوشش کررہے ہیں جلد از جلد قابو پایا جائے گورنر سندھ نے کہا کہ آگ کے حوالے سے مجھے ہرگھنٹے میں اپ ڈیٹ دی جائے۔