چیمپئنز ٹرافی میں شرمناک کارکردگی کے بعد قومی ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے اور ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کا معاملہ زیر بحث ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے دفاعی چیمپئن کے بغیر کوئی میچ جیتے شرمناک اخراج کے بعد سابق کرکٹرز اور شائقین قومی ٹیم پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے ساتھ کپتان اور طرز قیادت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی سے پاکستان کا اخراج ہوا پرانا، اب نیا امتحان دورہ نیوزی لینڈ ہے جو رواں ماہ ہی شروع ہوگا۔ تجزیہ کاروں نے اپنے تجزیوں میں قیادت کے حوالے سے کئی نام دیے تاہم ذرائع کچھ اور بتا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ میں آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہو گی۔ ون ڈے ٹیم کی قیادت بدستور محمد رضوان ہی کریں گے، تاہم ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کا تاج ان کے سر پر نہیں ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ون ڈے میں محمد رضوان کپتان اور سلمان علی آغا ان کے نائب ہوں گے۔ تاہم ٹی 20 فارمیٹ رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کپتان ہوں گے اور ٹیم میں کم بیک کرنے اسٹار آل راؤنڈر شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ون ڈے اور ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے 12 مارچ کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔ دورے کا آغاز پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز سے ہوگا جس کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کے بعد اطلاعات ہیں کہ سلیکشن کمیٹی کئی سینئر کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ میں آرام دے کر نئے ٹیلنٹ کو شامل کرے گی۔