اسلام آباد: سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سحری نہ دینے اور عبادت سے روکنے کی بات میں صداقت نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرسٹر سیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر شیخ وقاص اکرم سے پوچھا جائے، باتیں کی گئیں کہ عمران خان کی صحت ٹھیک نہیں لیکن ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دوپہر 12 بجے اٹھنے والا شخص روزہ کیسے رکھ سکتا ہے؟ عظمیٰ بخاری
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پارٹی سے کوئی شکایت نہیں بلکہ انہوں نے کہا کہ لیڈرشپ پر حملہ بھگوڑے کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے چوہدری ظہیر عباس کو جیل معاملات دیکھنے کی ذمہ داری دی ہے، فیصل چوہدری کو ہدایت ہے کہ تمام پٹیشنز چوہدری ظہیر عباس کے سپرد کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے وکالت کے ذریعے سیاسی قد بڑھانے کی کوشش کی، عمران خان نے جس کو ذمہ داری دی اس کو سیاست کرنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے نیاز اللہ نیازی کو ترجمان بنایا ہے جبکہ بشریٰ بی بی نے اپنے 4 فوکل پرسن مقرر کیے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں وہ اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوں، مولانا فضل الرحمان سے متعلق عمران خان کا پیغام ان تک پہنچاؤں گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سیاسی طور پر نہیں قانونی طور پر دیکھیں۔