کراچی : انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر اربوں روپے مالیت کی ڈیوٹی اور ٹیکس چوری سامنے آگئی، لوبیا کی جگہ بادام اسمگل کرنے والے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گرین چینل کے ذریعے دبئی سے لوبیا کی آڑ میں امریکن بادام اسمگل کرنے کا فراڈ پکڑا گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کلکٹر اینٹی اسمگلنگ نے بتایا کہ اے آر برادرز نے ڈیوٹی ٹیکسز میں 3 ارب 60 کروڑ روپے کی چوری کی۔
ڈپٹی کلکٹر کے مطابق مس ڈیکلریشن سے کلیئرکرائے گئے بادام کے کنٹینرز گوداموں میں منتقل کیے گئے، فراڈ کے ذریعے کلیئر کرایا گیا ایک کنٹینر حب ریور روڈ پر گودام پر چھاپے میں ضبط کیا گیا۔
ہارون آباد سائٹ ایریا کراچی میں گودام پر چھاپے میں 2 کنٹینر تحویل میں لیے گئے، فراڈ سے کلیئر کرائے گئے بادام کے مزید 2 کنٹینر کے آئی سی ٹی سی سے تحویل میں لیے گئے۔
تحویل میں لیے گئے5کنٹینرز سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی اشیاء ملیں، اے آر برادرز نے فروری میں گرین چینل کے ذریعے 84 کنٹینر کلیئر کرائے۔
ڈپٹی کلکٹر نے مزید بتایا کہ اے آر برادرز کے خلاف فراڈ اور ٹیکس چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔