ممبئی: معروف ساؤتھ انڈین اداکارہ نین تارا نے مداحوں کی جانب سے خود کو دیے گئے ’لیڈی سُپر اسٹار‘ کے لقب پر خاموشی توڑ دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نین تارا کو مذکورہ لقب مداحوں نے ان کی آن اسکرین لاجواب پرفارمنس کی بدولت دیا جسے وہ ناپسند کرتی ہیں۔ اداکارہ نے ٹائٹل کے پیچھے چھپی محبت کو سراہتے ہوئے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ انہیں اصل نام سے مخاطب کریں۔
انہوں نے فینز کے نام ایک نوٹ جاری کیا جس میں وہ کہتی ہیں کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں نے مجھے ’لیڈی سُپر سٹار‘ پُکارا جو آپ کی میرے لیے بے پناہ محبت ہے، قیمتی لقب سے نوازنے پر میں آپ سب کی مشکور ہوں لیکن عاجزانہ گزارش ہے کہ مجھے ’نین تارا‘ کہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 40 سالہ اداکارہ جو اسکرین پر 50 سیکنڈ کی جھلک کے 5 کروڑ لیتی ہیں
’میں محسوس کرتی ہوں کہ یہ نام میرے دل کے بہت قریب ہے، یہ نہ صرف بطور اداکارہ بلکہ انفرادی طور پر بھی میری پہنچ بناتا ہے۔ خطابات اور تعریفیں انمول ہیں لیکن وہ کبھی کبھی ایک ایسی تصویر بنا سکتے ہیں جو ہمیں ہمارے کام، ہنر، اور اس غیر مشروط بندھن سے الگ کرتی ہے۔‘
نین تارا نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے ہم سب محبت کی زبان کا اشتراک کرتے ہیں جو ہمیں تمام حدوں سے باہر جوڑے رکھتی ہے، اگرچہ مستقبل ہم سب کیلیے غیر متوقع ہو سکتا ہے لیکن میں بہت خوش ہوں کہ آپ کی غیر متزلزل حمایت مستقل رہے گی اور اسی طرح آپ کو تفریح فراہم کرنے کیلیے میری محنت بھی جاری رہے گی۔
کام کے محاذ پر ساؤتھ انڈین اداکارہ اپنی آنے والی فلم ’ٹیست‘ کی ریلیز کا انتظار کر رہی ہیں جو براہ راست نیٹ فلکس پر نشر ہوگی۔ باضابطہ ریلیز کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔