بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارجیوں کو ہلاک کردیا، حملے میں 12 شہری شہید اور 32 زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے خارجیوں کے بنوں کینٹ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد گھبرا گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، مختلف انٹری پوائنٹس پر سیکیورٹی عملے نے 6 خارجیوں کو ہلاک کیا۔
ذرائع کے مطابق خارجیوں نے ایک بارود سے بھری گاڑی بازار سےملحقہ علاقے میں پھاڑی، گاڑی پھٹنے سے معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے، قریبی مسجد اور ایک گھر بھی منہدم ہوگیا، گھرکی چھت منہدم ہونے سے معصوم شہری شہید ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بازار میں گاڑی کے دھماکے کی وجہ سے عمارت منہدم ہونے سے دیگر شہری شہید ہوئے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق فتنہ الخوارج کے باقی ماندا خارجیوں کا فون پر افغانستان سے رابطہ ہے،۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے میں 12معصوم شہری شہید اور 32 کے زخمی ہونےکی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آخری خارجی کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں : دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں حملے کی بزدلانہ کوشش ناکام
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال جولائی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں حملے کی بزدلانہ کوشش ناکام بنا دی تھی۔
دہشت گردوں نے صبح 4 بج کر 40 منٹ پر بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے بنوں کینٹ کی باہر والی دیوار اور سپلائی ڈپو کے درمیان روڈ پر دھماکہ کر کے کینٹ میں داخلے کی کوشش کی تھی۔
سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو ایک کونے میں محصور کردیا تھا۔