پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹی20 اسکواڈ بتارہا ہے بعد میں شاداب خان کپتان بنیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پُرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے باسط علی کا کہنا تھا کہ انصاف کرنا تھا تو پھر بابراعظم اور رضوان کو بھی ڈراپ کرنا چاہیے تھا، کامران غلام کو یہ کہہ کر ڈراپ کردیا گیا کہ وہ فیلڈر اچھا نہیں ہے، نیوزی لینڈ کےخلاف اسکواڈ میرٹ پر نہیں بنایا گیا۔
باسط علی نے کہا کہ آخری میچ میں 64 رنز بنانے والا سعود شکیل نیوزی لینڈ کےخلاف اسکواڈ سے باہر ہوگیا، حسنین، کامران غلام بھی ٹیم سے باہر ہوگئے باقی وہی کھلاڑی دوبارہ آگئے۔
سابق پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ کامران غلام اچھا فیلڈر نہیں تو دیگر بھی کھلاڑی ہیں جن کی فیلڈنگ اچھی نہیں، مشتاق کلہوڑو 2 سال سے فاسٹ بولنگ میں ٹاپ کررہا ہے۔
باسط علی نے کہا کہ مشتاق کلہوڑو کا کہیں بھی نام نہیں کیا وہ کرکٹ چھوڑ دے؟ نئے کھلاڑیوں کو اس لیےنہیں لیا جاتا کیونکہ وہ ٹک ٹک والوں کی جگہ لےلیں گے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ سیمی فائنل میں بھارت نے مشکل ہدف آسانی سے حاصل کیا، کریڈٹ کنگ کو جاتا ہے، جن لوگوں کویہ نہیں پتا کنگ کس کو کہتے ہیں وہ ویرات کوہلی کو دیکھ لیں، آج آسٹریلیا کیخلاف ویرات کوہلی کی بیٹنگ دیکھ لیں کنگ اس کو کہتے ہیں۔