چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا فاتح ٹیم 9 مارچ کو فائنل میں بھارت سے ٹکرائے گی۔
پاکستان کی میزبانی میں جاری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ فاتح ٹیم 9 مارچ کو دبئی میں کھیلے جانے والے فائنل میں بھارت سے ٹکرائے گی۔
کیویز اور پروٹیز دونوں آج ایک دوسرے کو زیر کر کے فائنل کھیلنے کے لیے جان توڑ کوشش کریں گے۔ تاہم رواں ایونٹ میں جنوبی افریقہ اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہی جب کہ نیوزی لینڈ نے ایک میچ بھارت سے ہارا ہے۔
تاہم کیوی کپتان مچل سینٹنر میچ کے حوالے سے پر امید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ دبئی کی کنڈیشن مختلف تھیں۔ لاہور کی پچ کا اندازہ ہے اور یہاں سہ فریقی سیریز کے میچ کھیل چکے ہیں۔
باہمی میچوں میں دونوں ٹیموں کا تقابل کریں تو جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ اب تک کھیلے گئے 73 میچوں میں 42 میں پروٹیز کامیاب رہے۔ 26 میں نیوزی لینڈ کو فتح نصیب ہوئی جب کہ پانچ بے نتیجہ رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیل رہی ہے اور فائنل میں بلیو شرٹس کے کوالیفائی کرنے کے باعث اب یہ بڑا میچ 9 مارچ کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔
بھارت، آسٹریلیا کو ہرا کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا