نیوزی لینڈ کے نوجوان بلے باز راچن رویندرا نے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں راچن رویندرا نے شاندار سنچری کے ساتھ ریکارڈ بک میں نام درج کروا دیا۔
رویندرا نے 101 گیندوں پر 108 رنز بنائے اور اس عمل میں وہ آئی سی سی ایونٹ میں پہلی پانچ ون ڈے سنچریاں بنانے والے واحد بلے باز بن گئے۔
وہ ہندوستان کے شیکھر دھون کے عالمی ریکارڈ کو بہتر کرتے ہوئے آئی سی سی ون ڈے ایونٹ میں تیز ترین پانچ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔
دوسرا سیمی فائنل : نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا اسکور بنا دیا
رویندرا، جنہوں نے 2023 میں بھارت میں اپنے ون ڈے ورلڈ کپ کے ڈیبیو میں تین سنچریاں بنائیں، آئی سی سی ایونٹ میں اپنی 5ویں سنچری بنانے کے لیے صرف 13 اننگز کھیلیں جو کہ سابق ہندوستانی اوپنر دھون سے دو اننگز کم ہیں۔
رویندرا کو سابق کپتان کین ولیمسن نے شاندار سنچری سے سہارا دیا۔ ولیمسن نے اپنی 15ویں ون ڈے سنچری اور آئی سی سی ٹورنامنٹ میں چوتھی سنچری بنائی۔ رویندرا کے 108 اور ولیمسن کے 102 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے اننگز میں 362 رنز بنائے۔
اس چیمپئنز ٹرافی میں رویندرا کی یہ دوسری سنچری تھی۔