انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستانی کرکٹرز کی تنزلی ہوئی ہے۔
حالیہ سہ ملکی ون ڈے سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں تنزلی دیکھی گئی ہے۔
ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان فارمیٹ میں حالیہ تنزلی کی وجہ سے 616 پوائنٹس کے ساتھ 21ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
امام الحق 32ویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ صائم ایوب دو درجے تنزلی کے بعد 37ویں نمبر پر چلے گئے، سلمان علی آغا 46ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
بھارت کے بلے باز شبمن گل ون ڈے کی نمبر 1 رینکنگ برقرار رکھے ہوئے ہیں، ویرات کوہلی دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف پلیئر آف دی میچ کی کارکردگی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
سٹار بلے باز بابر اعظم 770 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن 760 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بولنگ رینکنگ می، پاکستان کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے کے دوران مہنگے اسپیلز کے ساتھ جدوجہد کرنے کے باوجود اپنا نواں مقام برقرار رکھا ہے۔
آؤٹ آف فارم حارث رؤف 553 پوائنٹس کے ساتھ دو درجے تنزلی کے ساتھ 22 ویں سے 24 ویں نمبر پر ہیں جب کہ نسیم شاہ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 43 ویں نمبر پر ہیں۔ ابرار احمد رینکنگ میں تنزلی کے بعد 50ویں نمبر پر چلے گئے۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری بولنگ رینکنگ میں 649 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، سری لنکا کے اسپنر مہیش تھیکشنا پہلے اور جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی میں شاندار بولنگ کی بدولت محمد شامی 11ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔