کنڑ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ رانیا راؤ نے کیمپگوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کروڑوں مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش کے پیچھے کی حقیقت بتا دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رانیا راؤ کو ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس نے ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر رکھا ہے۔
ابتائی تفتیش کے دوران رانیا راؤ نے پولیس کو بتایا کہ اسے سونے کی اسمگلنگ کیلیے بلیک میل کیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت نہیں کی کہ انہیں کس نے اور کیوں بلیک میل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کنڑ اداکارہ رانیا راؤ سونا اسمگل کرتے ہوئے گرفتار
پولیس نے اس سلسلے میں کانسٹیبل بسواراجو کو بھی حراست میں لیا اور اداکارہ کی مدد کرنے میں ملوث ہونے کے بارے میں بیان ریکارڈ کیا۔
بعدازاں، حکام نے رانیا راؤ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا جہاں سے 2.67 کروڑ روپے نقد اور 2.06 کروڑ روپے کا سونا ضبط کیا گیا۔ اہلکاروں نے چھاپے کے بعد گھر سے تین بڑے بکس برآمد کیے جن کی مجموعی مالیت 17.29 کروڑ روپے ہے۔
ایمریٹس کی پرواز کے ذریعے دبئی سے کیمپگوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی اداکارہ نے اپنے ساتھ موجود پولیس کانسٹیبل بسواراجو کی مدد سے سکیورٹی چیکس کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی لیکن پکڑی گئیں۔
ایئرپورٹ پر جب ان کی تلاشی لی گئی تو اہلکاروں کو جیکٹ کے اندر سے 14.2 کلو گرام غیر ملکی سونا ملا جس کی مالیت 12.56 کروڑ روپے ہے۔ گرفتاری کے بعد اداکارہ کو مزید تفتیش کیلیے ڈی آر آئی کے دفتر لے جایا گیا۔
رانیا راؤ کئی کنڑ اور تامل فلموں میں کام کر چکی ہیں اور وہ کرناٹک اسٹیٹ پولیس ہاؤسنگ کارپوریشن کے ڈی جی پی کے رام چندر راؤ کی سوتیلی بیٹی ہیں۔