اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کو منی بجٹ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے 605 ارب کا بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے متبادل منصوبہ پیش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شارٹ فال پورا کرنے کے لیے منی بجٹ نہیں آئے گا ، حکومتِ پاکستان نے 605 ارب کا شارٹ فال پورا کرنے کے لیے متبادل پلان تیار کرلیا اور آئی ایم ایف کو متبادل منصوبہ پیش کردیا۔
ذرائع نے کہا کہ ٹیکس مقدمات جلد نمٹا کرمحصولات میں کمی کو پورا کرنے کا منصوبہ بھی پیش کردیا اور وزیراعظم نےعدالتوں میں زیرسماعت ٹیکس مقدمات میں بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے بھی ٹیکس مقدمات کی سماعت جلد کرانے کی درخواست منظورکرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو ٹیکس مقدمات نمٹا کر شارٹ فال پورا کرنے کا پلان دے دیا گیا ہے، سپریم کورٹ میں دس مارچ کو سپرٹیکس سے متعلق اہم سماعت ہوگی، ایف بی آرکو سپرٹیکس کی مد میں ایک سوستاون ارب روپے حاصل ہوسکتے ہیں۔
آئی ایم ایف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ونڈ فال پرافٹ ٹیکس میں ننانوے ڈی شق کےتحت تئیس ارب روپے کا ٹیکس کیس جیت لیا گیا، بینکوں میں ایڈوانس ڈپازٹ ریشو پرٹیکس کی مد میں باہترارب روپے کا ٹیکس ملا۔