سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والے زائرین کے لئے اہم ہدایت جاری کی گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ حج وعمرہ نے زائرین سے کہا ہے کہ حرمین شریفین میں سونے اور راہداریوں میں بیٹھنے سے اجتناب برتیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزارتِ حج وعمرہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ حرمین شریفین کے تقدس کا خیال رکھیں۔ راہداریوں میں بیٹھنے سے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے باعث رش بڑھ جاتا ہے۔
وزارت کے مطابق مسجد الحرام میں آنے سے قبل اپنا سامان کمرے یا ہوٹل میں رکھیں محض ضروری شناختی دستاویز وغیرہ ہی اپنے پاس رکھیں اضافی سامان حرمین میں لانے سے گریز کریں۔
واضح رہے رمضان میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین آتے ہیں جس کے باعث حرمین میں بہ زیادہ رش بڑھ جاتا ہے۔
حرمین میں انتظامیہ کی جانب سے رضاکاروں کو بھی تعینات کیا جاتا ہے جو اس امر کا خیال رکھتے ہیں کہ زائرین راہداریوں میں نہ بیٹھیں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے ان مقدس مقامات پر اعتکاف کے خواہشمندوں کے لیے رجسٹریشن کے عمل اور شرائط کا اعلان کردیا ہے۔
جنرل پریذیڈنسی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے حرمین شریفین میں اعتکاف کی باضابطہ رجسٹریشن کھول دی گئی ہے۔
ویڈیوز: مسجد الحرام کی تیسری توسیع کا بڑا حصہ نماز کے لیے کھول دیا گیا
رجسٹریشن کا آغاز بدھ، 5 مارچ 2025 صبح 11 بجے سے ہوچکا ہے، اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک 1446 سے ہوگا، جبکہ اختتام 30 رمضان المبارک 1446، عید الفطر کی رات عشاء کی نماز کے بعد ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق جو لوگ ان دونوں مساجد میں اعتکاف کے خواہش مند ہیں انہیں سرکاری ویب سائٹ alharamain.gov.sa کے ذریعے آن لائن درخواست دینا ہوگی۔