پاکستانی اداکارہ حرا مانی کو اپنا موازنہ بالی ووڈ سپر اسٹار کرینہ کپور سے کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
حرا مانی پاکستانی اداکارہ ہیں جو دو بول، میرے پاس تم ہو، سن یارا، دل موم کا دیا سمیت دیگر ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں، ان کی شادی سلمان ثاقب شیخ سے ہوئی، جو مانی کے نام سے مشہور ہیں۔
حرا مانی نے آج تک پاکستانی میڈیا چینلز کو دیے گئے انٹرویوز میں تو کرينہ کپور مداح ہونے کا ثبوت دیا ہی تھا لیکن پہلی مرتبہ بھارتی میڈیا پرسن فریدون کو دیے گئے انٹرویو میں کرینہ کپور کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ گیت کا کردار حقیقی زندگی ہیرا مانی سے بہت ملتا جلتا ہے۔
حرا مانی نے دورانِ انٹرویو کہا کہ ‘جب وی میٹ’ میں کریکٹر ‘گیت’ کا کردار ان کی حقیقی زندگی سے بہت مشابہت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ جب ‘جب وی میٹ’ ریلیز ہوئی تو میری خالہ نے فون کرکے کہا تھا کہ ‘یہ فلم تمہارے کردار پر بنائی گئی ہے’۔
اداکارہ نے کہا کہ ‘ہم سب نے مل کر یہ فلم دیکھی تھی اس کردار میں بہت سی مماثلتیں ہیں، فلم دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ امتیاز علی نے مجھ سے مل کر یہ کردار لکھا ہوگا’۔
اسی انٹرویو میں حرا مانی نے کرینہ کپور کی فلموں کے مقبول ہونے والے کرداروں کے مشہورِ زمانہ ڈائیلاگز ان ہی کے انداز میں بولے اور خود کو کرینہ کپور سمجھتی نظر آئیں۔
جس کے بعد حرا مانی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ ‘وہ کرينہ کپور کا چائنا والی کاپی ہیں’ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘حرا نے خود سے کہانی بنالی کہ خالہ کی کال آئی، پلیز کرینہ کپور کی بے عزتی تو نہ کرو’۔