بنگلورو: بھارت کے بنگلورو میں چوری کی ایک انوکھی واردات رونما ہوئی، چور ایک گودام سے ایک کروڑ مالیت کے انسانی بال چرا کر فرار ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری کا واقعہ 28 فروری کو بنگلورو شہر میں پیش آیا جہاں 6 چوروں نے مل کر ایک گودام میں رکھے گئے 90 لاکھ سے ایک کروڑ مالیت کے انسانی بال چرا لئے۔
رپورٹس کے مطابق چوری کیے جانے والے انسانی بالوں کو چین، ہانگ کانگ اور برما برآمد کیا جانا تھا جہاں انہیں وگز بنانے میں استعمال کیا جاتا، واقعے سے کچھ دن پہلے ہی چائنیز خریدار نے بال دیکھنے کے لیے گودام کا دورہ بھی کیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے جس میں چوروں کو دیکھا جاسکتا ہے جب کہ فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ چوروں کو پکڑا جاسکے۔
اس سے قبل برطانیہ میں سونے کے ٹوائلٹ کی مشہور چوری کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
برطانوی عدالت میں سونے کے ٹوائلٹ کی چوری کے کیس کی سماعت ہوئی، آکسفورڈ کراؤن کورٹ میں 60 لاکھ ڈالر مالیت کے ٹوائلٹ چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی، جس میں ٹوائلٹ کو چوری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
برطانیہ میں سونے کے ٹوائلٹ کی چوری کا یہ ایک انوکھا واقعہ تھا جو 14 ستمبر 2019 کو بلین ہیم پیلس میں پیش آیا تھا، جہاں سے چور سونے کا ٹوائلٹ 5 منٹ میں لے اُڑے تھے، نمائش کے لیے رکھے گئے ٹوائلٹ کو اب تک تلاش نہیں کیا جا سکا ہے۔
اے ٹی ایم مشین سے 30 لاکھ کی چوری، ویڈیو وائرل
ویڈیو میں چوروں کو 4.8 ملین پاؤنڈ کے سونے کے ٹوائلٹ کو چوری کرتے دیکھا جا سکتا ہے، بلین ہیم پیلس وہی محل ہے جہاں سابق برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل پیدا ہوئے تھے اور وہاں سونے کے بیت الخلا کو نمائش کے لیے رکھا گیا تھا، اس ٹوائلٹ کو علامتی بنیادوں پر استعمال بھی کیا جا سکتا تھا۔
دل چسپ بات یہ ہے کہ نمائش دیکھنے آنے والے افراد بیت الخلا استعمال کرنے کے لیے 3 منٹ کا وقت بُک کروا سکتے تھے۔