کراچی کے علاقے بلدیہ لکی چڑھائی کے قریب ڈمپر نے 3 موٹرسائیکل سوار بھائیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیم پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تینوں بھائی ہیں، حادثے کے نتیجے میں 25 سالہ راہب جاں بحق ہوا جبکہ منیر اور صاحب شدید زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈمپر کی ٹکر سے ڈیوٹی پر جانے والا نادرا کا ملازم جاں بحق
پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ڈمپر تحویل میں لے لیا، پولیس نے کہا کہ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب کورنگی سنگر چورنگی کے قریب ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان زخمی ہوگیا۔
یکم مارچ 2025 کو کراچی میں حب ریور روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے رکشہ میں سوار ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوئے تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ 45 سالہ متوفی شاہ محمد اپنے بیٹے کی شادی کیلیے شاپنگ کرنے پشین سے کراچی آیا تھا، لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثہ کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا جس کی فوٹیج کی مدد سے تلاش جاری رہی۔
دوسری جانب ملیر مرغی خانہ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا تھا۔