بھارتی ریاست اتر پردیش میں سفاک باپ کو اپنی 5 سالہ بیٹی کو گلا گھونٹ کر قتل کرنے اور لاش کے چار ٹکڑے کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم موہت مشرا بیٹی کے پڑوسی کے گھر جانے پر سخت ناراض تھا کیونکہ اس کا ان سے کچھ دن پہلے جھگڑا ہوا تھا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ 25 فروری کو انہیں اطلاع ملی کہ بچی گھر کے قریب سے لاپتا ہوگئی ہے، گمشدگی کی شکایت موہت مشرا ہی نے درک کروائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شیو کروانے پر جھگڑا، حجام نے باپ بیٹی کو قتل کر دیا
پولیس حکام کے مطابق ہم نے مقدمہ درج کیا اور اس کی تلاش کیلیے چار ٹیمیں تشکیل دی گئیں، تلاشی کے دوران ہمیں بچی کی لاش کا ایک ٹکڑا ملا، اگلے دن ہمیں دوسرے حصے بھی ملے۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران موہت مشرا نے اپنا فون بیوی کو دیا اور روپوش ہوگیا، جب وہ گائب ہوا تو ہم نے گھر والوں سے بچی کے لاپتا ہونے سے پہلے ہونے والے واقعات کے بارے میں پوچھا، جب ملزم دوبارہ سامنے آیا تو اس سے پوچھ گچھ کی گئی اور بالآخر اس نے معصوم کو قتل کرنے اور لاش کے ٹکڑے کر کے ٹھکانے لگانے کا اعتراف کیا۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کی فیملی اور پڑوسی رامو پہلے بہت قریب تھے اور اکثر ایک دوسرے سے ملنے جایا کرتے تھے، کچھ دن قبل دونوں فیملیز میں جھگڑا ہوا اور انہوں نے ایک دوسرے سے ملنے جانا چھوڑ دیا، موہت مشرا نے بیٹی کو بار بار کہا کہ وہ رامو کے گھر جانا بند کر دے لیکن وہ پھر بھی وہاں جا کر کھیلتی۔