پشپا کی کامیابی کے بعد الو ارجن نے ہدایت کار ایٹلی کی فلم سے سلمان خان کی چھٹی کردی۔
ساؤتھ انڈیا میں الو ارجن کے مداح تو ہیں ہی اب انہوں نے بالی ووڈ پر بھی اپنی دھاک بٹھانا شروع کردی ہے، اب الو ارجن نے ایٹلی کا ایک میگا پروجیکٹ حاصل کیا ہے جو پہلے سلمان خان کے لیے تھا۔
ایٹلی کی جوان بالی ووڈ سمیت دنیا بھر میں 139.2 ملین ڈالر کمانے والی فلم ہے جس میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔
فلمساز اپنے اگلے بڑے پروجیکٹ کے لیے تیار ہیں ابتدائی طور پر فلم کی منصوبہ بندی سلمان خان کے ساتھ مرکزی کردار کے طور پر کی گئی تھی لیکن ان کی حالیہ باکس آفس پرفارمنس کی وجہ سے پروڈیوسرز سن پکچرز نے ان کے بجائے الو ارجن کو لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فلم ایکشن ڈرامہ ہوگی جس میں دوبارہ جنم لینے کا موضوع ہے۔
پشپا 2 کی زبردست کامیابی اور الو ارجن کی اسٹار پاور کے بعد پروڈیوسر کے مطابق وہ اس فلم کے لیے فٹ ہوں گے۔
فلم کا بجٹ 72 ملین ڈالر مقرر کیا گیا ہے جبکہ الو ارجن کی شمولیت کے بعد یہ مزید بڑھ بھی سکتا ہے، پشپا 2 کے لیے الو ارجن نے 36 ملین ڈالر چارج کیے اور اس پروجیکٹ کے لیے ان کا معاوضہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
فلم میں تین اداکارائیں ہوں گی جن میں سے ایک کردار کے لیے جھانوی کپور کا نام سرفہرست ہے، جبکہ ایک اور اداکار کی بھی فلم میں شامل ہونے کی خبریں ہیں۔