پنجاب کے علاقے صادق آباد میں ڈاکوؤں نے مغوی کو چھوڑنے کے لیے 4 کروڑ روپے کے ساتھ چار قیمتی موبائل اور اتنی ہی گھڑیاں تاوان طلب کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے علاقے صادق آباد میں چک نمبر 149 کے رہائشی نوجوان علی کو چند روز قبل کچے کے ڈاکوؤں نے تھانہ صدر کی حدود سے اغوا کیا تھا اور اس کو اپنے ساتھ کچے میں لے گئے تھے۔
اب ڈاکوؤں نے مغوی کی رہائی کے لیے اس کے گھر والوں سے چار کروڑ روپے، چار قیمتی موبائل اور اتنی ہی گھڑیاں تاوان میں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مغوی کے اہلخانہ یہ بھاری تاوان ادا کرنے سے قاصر ہیں جب کہ ڈاکو دباؤ بڑھانے کے لیے انہیں روز مغوی نوجوان کی نئی تشدد والی ویڈیو بھیج کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مغوی کے والد کا کہنا ہے کہ ہم غریب ہیں اور اپنا سب کچھ بیچ کر بھی تاوان کی رقم ادا نہیں کر سکتے۔ انہوں نے پولیس سے بیٹے کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی نوجوان کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔