چیمپئنز ٹرافی میں ناقص پرفارمنس کے بعد پاکستانی فاسٹ بولرز ٹرائیکا شاہین شاہ آفریدی نسیم شاہ اور حارث رؤف تنقید کی زد میں ہیں۔
پاکستان میزبان ملک اور دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ایک بھی میچ نہ جیت سکا۔ اس بدترین کارکردگی میں جہاں بیٹنگ کی ناکامی شامل ہیں وہیں قومی فاسٹ بولر ٹرائیکا شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔
قومی فاسٹ بولرز نے وکٹیں لینے سے زیادہ رنز لٹائے اور اس کارکردگی پر سابق کرکٹرز اور شائقین پیسرز پر برہم ہیں تاہم دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ شاہین، حارث اور نسیم کو ان کے حوالے کر دیے جائیں تو میں انہیں میگا اسٹار بنا دوں۔
شعیب اختر نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ اس وقت ان تینوں پیسرز کو ریسٹ دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے بہت مایوسی ہوئی۔ کرکٹ کا بھی حال قومی کھیل ہاکی کی طرح کیا جا رہا ہے۔
سابق اسپیڈ اسٹار نے مزید کہا کہ منیجمنٹ اور ٹیم میں مسلسل تبدیلیوں سے کچھ حاصل نہیں ہو رہا۔ چیئرمین پی سی بی نے انفراسٹرکچر ضرور بہتر کیا لیکن کرکٹ کی بہتری کے لیے پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی۔