کراچی: لاہور ایئرپورٹ پر کارگو شپمنٹ پر سیکیورٹی چیک کی وجہ سے 2 دنوں میں 12 پروازوں سے کارگو سامان آف لوڈ ہو گیا، جس سے ایئر لائنز کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر کارگو شپمنٹ پر سیکیورٹی چیک پر ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز انتظامیہ نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، چیئرمین ایئر لائن آپریٹنگ کمیٹی ادریس احمد نے منیجر لاہور ایئرپورٹ کے نام مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق 6 مارچ سے ایپرن گیٹ پر غیر ضروری سیکیورٹی چیک کا نفاذ کیا گیا، غیر ضروری انسپیکشن سے کارگو شپمنٹ تاخیر کا شکار ہوئیں، تاخیر پر ایئر لائنز کو مجبوراً کارگو آف لوڈ کرنا پڑا، کارگو شپمنٹ آف لوڈنگ سے ایئر لائنز کو مالی نقصان کے ساتھ کلائنٹ کا اعتماد بھی متاثر ہوا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلاوجہ تاخیر سے پاکستانی ایئر پورٹس کے وقار کو بھی نقصان پہنچا ہے، اور 6 مارچ کو 9 پروازوں کی کارگو شپمنٹ تاخیر کا شکار ہونے سے آف لوڈ ہوئیں۔
مراسلے کے مطابق تھائی ایئر کی پرواز ٹی جی 246 سے 20 ہزار 141 کلو گرام سامان آف لوڈ ہوا، فلائی ناز کی پرواز ایکس وائے 318 سے 2 ہزار 280 کلو سامان، ایمریٹس کی پرواز ای کے 623 سے 9 ہزار 210 کلو، سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 727 سے 8 ہزار 146 کلو، ایمریٹس کی پرواز ای کے 625 سے 23 ہزار 650 کلو سامان آف لوڈ کیا گیا۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 247 سے 13 ہزار 420 کلو، فلائی جناح کی پرواز نائن پی 580 سے 1 ہزار 420 کلو، فلائی جناح کی پرواز نائن پی 502 سے 2 ہزار 790 کلو، ٹرکش ایئر کی پرواز ٹی کے 715 سے 7 ہزار 647 کلو گرام سامان آف لوڈ ہوا۔
ایئر لائنز انتظامیہ کی جانب سے بلاوجہ چیکنگ اور چیکنگ میں تاخیر سے ہونے والے نقصان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، اور اپیل کی ہے کہ ایئرپورٹ حکام کارگو اسکریننگ پروسیجر پر نظرثانی کریں، اور کارگو ہینڈلنگ میں بغیر کسی رکاوٹ ضروری اسکریننگ اور چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔