کراچی: شہر قائد کی مستعد پولیس نے ’عیدی مہم‘ شروع کر دی، سائٹ سپر ہائی وے پر ایک شہری سے رشوت طلب کرنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے، لیبر اسکوائر ناکے پر پولیس اور شہری کی تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے، شہری نے الزام لگایا ہے کہ پولیس اہلکار رشوت مانگ رہے ہیں، جب کہ ایک شہری نے واقعے کی ویڈیو بنا کر وائرل کر دی۔
شہری نے شکایت میں بتایا ’’میں اپنی بکری لے کر جا رہا تھا کہ پولیس نے ناکے پر روک لیا، پولیس اہلکاروں نے کہا کہ خرچہ دو ورنہ بکری چوری کے کیس میں بند کروا دیں گے۔‘‘
تلخ کلامی کے دوران پولیس اہلکار نے ویڈیو بنانے والے شہری پر تشدد کیا، اور ویڈیو ریکارڈنگ بند کروا دی۔
اس واقعے پر پولیس کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکاروں کے مطابق تلخ کلامی ہوئی تھی، لیکن رشوت نہیں لی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کی جا رہی ہے، اگر کسی اہلکار کی غفلت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔