نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو چھوڑنا ہے تو جیل میں تمام جیب کتروں کو بھی معافی دیں۔
احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 2018 میں ایک اناڑی کو بٹھایا گیا تھا جو ملک کو دیوالیہ کر کے چلا گیا، ہم نے ملک کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کیا اور سیاست کی قربانی دی۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے، عمران خان پر 190 ملین پاؤنڈ کا مقدمہ ہے، برطانیہ نے چوری کے پیسے پکڑے سابق وزیر اعظم نے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروائے۔
یہ بھی پڑھیں: اللہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے رہائی کے ساتھ عقل بھی دے، شرجیل میمن
ان کا کہنا تھا کہ اپنی باری آئی تو کہتے ہیں بڑا ہوں معافی دے دیں ایسے قانون نہیں چلتا، پاکستان میں امن قائم کرنا ہے کسی ہلڑ بازی کی اجازت نہیں دیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان کا مقصد پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنا ہے، ہم سے پیچھے رہ جانے والے ممالک آگے نکل گئے ترقی کا میڈل دوبارہ لینا ہے۔
26 جنوری 2025 کو نارووال میں ایک تقریب سے خطاب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2018 میں ایک اناڑی کا بت تراش کر عوام کو چورن بیچا کہ یہ صادق اور امین ہے۔
احسن اقبال نے کہا تھا کہ نواز شریف نے چین کے تعاون سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے سی پیک کا آغاز کیا، ان کے اقدامات کے باعث دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان آئے لیکن 2018 میں سازش کے تحت ان کو حکومت سے ہٹایا گیا اور ملک پر نالائق اور ناتجربہ کار شخص مسلط کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کر دھاندلی سے اناڑی کو اقتدار دلوایا گیا، پی ٹی آئی کو چیلنج ہے کہ وہ اپنے دور حکومت میں شروع کیا گیا کوئی ایک منصوبہ عوام کے سامنے رکھے، پاکستان کے خلاف لندن اور امریکا میں پی ٹی آئی نے شرمناک مظاہرے کیے۔
وہ کہتے ہیں کہ رسیدیں مانگنے والا عمران خان اب اپنی رسیدوں سے بھاگ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے قوم کے 64 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم پر اتفاق کیا تھا اور اس کے خلاف سپریم کورٹ چلی گئی ہے، آئینی ترمیم سے متعلق درخواستوں پر آئینی بینچ بن چکے ہیں۔