پیر, مارچ 10, 2025
اشتہار

امیتابھ بچن نے عامر خان کو فلم ’لگان‘ بنانے سے کیوں خبردار کیا تھا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان کو میگا اسٹار امیتابھ بچن اور نغمہ نگار جاوید اختر نے فلم ’لگان‘ بنانے سے خبردار کیا تھا۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان نے حال ہی میں فلمی کیریئر کے اہم لمحات کو یاد کرتے ہوئے اپنی باکس بسٹر فلم ’لگان‘ کے بارے میں دلچسپ کہانی شیئر کی۔

بالی وڈ اداکار نے ایک تقریب کے دوران انکشاف کیا کہ امیتابھ بچن اور جاوید اختر دونوں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ یہ فلم فلاپ ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں عامر خان کی مقبولیت اور اس کی اصل وجہ کیا ہے؟

عامر خان نے ’لگان‘ کو کیریئر کا خوفناک پروجیکٹ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی پریشانی اُس وقت بڑھ گئی جب جاوید اختر نے انھیں فون کیا اور دو ٹوک انداز میں سوال کیا ’آپ یہ فلم کیوں بنا رہے ہیں؟ یہ نہیں چلے گی‘۔

جاوید اختر نے کئی وجوہات بیان کی تھیں کہ کھیلوں پر مبنی فلمیں شاذ و نادر ہی کامیاب ہوتی ہیں، کرکٹ کی تھیم والی فلمیں زیادہ دیکھی نہیں گئیں اور اس میں اودھی زبان کا استعمال ناظرین کو متاثر نہیں کرے گا۔

نغمہ نگار نے یہ بھی نشاندہی کی تھی کہ بالی وڈ گلیمرس غیر ملکی مقامات اور اعلیٰ فیشن کے ملبوسات کو اپنا رہا ہے جبکہ ’لگان‘ ایک دیہاتی گاؤں میں سیٹ کیا گیا جس میں کاسٹ دھوتیوں میں ملبوس ہے۔

عامر خان کی پریشانیوں میں اضافہ کرتے ہوئے جاوید اختر نے یہ بھی کہا تھا کہ امیتابھ بچن نے اب تک جو بھی فلم بیان کی وہ فلاپ ثابت ہوئی ہے، اور اب جبکہ آپ انہیں شامل کر رہے ہیں تو یہ 100 فیصد ناکام ہوگی۔

خود امیتابھ بچن نے بھی عامر خان سے کہا تھا کہ میں فلم کی کہانی بیان کروں گا مجھے کوئی اعتراض نہیں لیکن میں نے جو بھی فلم بیان کی ہے وہ فلاپ ہوگئی، بہتر ہے آپ اس سے آگاہ رہیں۔

ان تمام تر خدشات کے باوجود عامر خان نے ’لگان‘ بنائی جو نہ صرف بھارت بلکہ دن بھر میں پسند کی گئی، اسے 74ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کیلیے نامزد کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں