اتوار, جون 22, 2025
اشتہار

’امریکی بدمعاشی کے تحت کوئی مذاکرات نہیں‘: ایرانی سپریم لیڈر کا ٹرمپ کو واضح پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری معاہدے پر مذاکرات کیلیے خط بھیجنے کے دعوے پر واضح پیغام جاری کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اعلیٰ ایرانی حکام کے ساتھ اہم ملاقات میں سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران مذاکرات کیلیے دباؤ میں نہیں آئے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ بعض بدمعاش ممالک کا مذاکرات پر اصرار مسائل کو حل کرنے کیلیے نہیں بلکہ اپنی توقعات مسلط کرنے کیلیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کیلیے بات چیت نئی توقعات باندھنے کا راستہ ہے لیکن ایران اس کو قبول نہیں کرے گا۔

گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس بزنس نیٹ ورک کے ساتھ انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور اس کی اعلیٰ قیادت کو خط بھیجا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے مذاکرات ہونے جا رہے ہیں کیونکہ یہ ایران کے مفاد کیلیے بہتر ہے، میرے خیال میں وہ خود بھی خط حاصل کرنا چاہتے ہیں، دوسرا متبادل یہ ہے کہ ہمیں کچھ کرنا ہوگا کیونکہ ایک اور جوہری ہتھیار نہیں بننے دے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ تہران سے نمٹنے کے دو طریقے ہیں؛ ایک فوجی طور پر یا دوسرا کوئی معاہدہ کر لیں، میں معاہدہ کرنے کو ترجیح دوں گا کیونکہ میں نقصان پہنچانا نہیں چاہتا ایرانی عظیم لوگ ہیں۔

انہوں نے 2018 میں بطور امریکی صدر ایران کے جوہری معاہدے سے دستبرداری اختیار کی تھی جو کہ تہران کو جوہری ہتھیاروں کی تعمیر سے روکنے کیلیے کثیر القومی معاہدہ تھا۔

تاہم امریکی صدر نے فروری میں کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو اس کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں