آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل مقابلہ اتور 9 مارچ کو اسی پچ پر کھیلا جائے گا جس پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔
شوپیش ایونٹ کے فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے لیے زور آزمائی کریں گی، میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ ’کرک بز‘ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چمپئنز ٹرافی 2025 فائنل اسی پچ پر کھیلا جائے گا جہاں پاکستان اور بھارت مقابل آئے تھے۔
پاک بھارت میچ کے دوران یہ پچ دھیمی اور سست رہی تھی، غالب امکان یہی ہے کہ اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں بھی پچ کا برتائو پہلے والا ہی ہوگا، چونکہ بھارت پہلے یہاں کھل چکا ہے اس لیے اسے کنڈیشن اور پچ کی سمجھ کے حوالے سے ایڈونٹیج حاصل ہوگا۔
بھارتی اسپنرز کو یقینی طور پر پچ سے مدد ملے گی، پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں بھی اسپنروں کو پچ سے کافی مدد ملی اور پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا241 رنز کا ہدف بھارت نے باآسانی حاصل کیا تھا، اس پچ پر بھارتی اسپنرز اسپنرس کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجا نے مشترکہ طور پر 5 وکٹیں لی تھیں۔
دبئی میں کھیلے گئے 4 میچز میں اوسط اسکور 246 رنز ہے، بھارت نے یہاں سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو بھی بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے چمپئنز ٹرافی میں اب تک دبئی میں 4 الگ الگ پچوں کا استعمال کیا ہے، فائنل کے لیے ان 4 میں سے ایک پچ کا استعمال کیا جائے گا جو کہ اسٹیڈیم کے درمیان میں موجود ہے۔
چمپئنز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھارت پہلے ہی نیوزی لینڈ کو ہراچکا ہے مگر اسے مقابلے میں کافی مشکل پیش آئی تھی، کیوز بیٹر نے بھارتی اسپنر کو اچھی طرح کھیلا تھا، تاہم پچ پر جو ٹیم اچھی طرح اسپن کو ٹیکل کرے گی اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہوںگے۔