پیر, مارچ 10, 2025
اشتہار

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بھائی کا لرزہ خیز قتل

اشتہار

حیرت انگیز

صوابی : جماعت اسلامی خیبرپختونخواکے سابق امیر اور سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی شکیل احمد خان کو گھر کے سامنے قتل کردیا گیا۔ 

اے آر وائی نیوز پشاور کے نمائندہ عدنان طارق کی رپورٹ کے مطابق صوابی میں سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی شکیل احمد خان کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ صوابی کے گاؤں احد خان کلے شیخ جانہ تھانہ کالو خان کی حدود میں پیش آیا جہاں ایک مبینہ ملزم کامران نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کیا اور فائرنگ کی زد میں آکر شکیل احمد خان بھی جاں بحق ہوگئے۔

ملزم کی فائرنگ سے ایک شخص بھی زخمی ہوا ہے جس کی شناخت گل نبی کے نام سے ہوئی ہے اسے شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ڈی پی او صوابی محمد اظہر کے مطابق مقتول کے پڑوس میں باپ بیٹے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کی صلح صفائی کیلیے شکیل احمد خان جارہے تھے، اس دوران فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں شکیل خان بھی زد میں آگئے۔

پولیس کے مطابق ملزم کامران مقتول شکیل احمد خان کا پڑوسی ہے، مبینہ ملزم کامران نے فائرنگ کرکے پہلے اپنے باپ کو قتل کیا، شکیل احمد خان بیچ بچاؤ کرانے گئے تو فائرنگ کی زد میں آگئے۔

ڈی پی او کے مطابق ملزم کامران مبینہ طور پر نشے کا عادی ہے، اور اس کا دماغی توازن بھی درست نہیں، واردات کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری جلد یقینی بنائے جائے گی۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے بھائی کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بڑے بھائی شکیل احمد خان کو گاؤں میں گھر کے سامنے شہید کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے بڑے بھائی مجھے بہت عزیز تھے، یہ میرے دست و بازو تھے، یہ بدترین درندگی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں