چیمپئنز ٹرافی میں چیمپئن بننے کا دن آن پہنچا آج دبئی میں کھیلے جانے والے فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا تین ہفتوں پر مشتمل میلہ آج فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ چیمپئن بننے کی جنگ لڑنے کے لیے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں دوپہر دو بجے میدان میں اتریں گے۔
ٹائٹل کے لیے بھارت کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے لیکن نیوزی لینڈ کا بھی بلیو شرٹس کے خلاف ناک آوٹ میچز میں ٹریک ریکارڈ اچھا ہے۔ ٹائٹل کی جنگ کے لیے دونوں ٹیمیں تیار ہیں اور ماہرین آج کانٹے کا مقابلہ توقع کر رہے ہیں۔
رواں ایونٹ میں تاحال نا قابل شکست بھارت اب تک دو بار چیمپئنز ٹرافی کی ٹرافی اٹھا چکا ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے 25 سال قبل سن 2000 میں بھارت کو فائنل میں شکست دے کر پہلی اور آخری بار ٹرافی جیتی تھی۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے مسٹری اسپنر ورون کو اہم ہتھیار قرار دیا ہے جب کہ کیوی کپتان مچل سینٹنر بھی 25 سال پرانی تاریخ دہرانے کے لیے پُرعزم ہیں اور انہیں اپنے بلتے بازوں پر پورا بھروسہ ہے جنہوں نے رواں ایونٹ میں پانچ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی عام میچ کی طرح کھیل کر بھارت کو شکست دیں۔
ٹورنامنٹ کے ٹاپ پرفارمر بھی ان ہی ٹاپ 2 ٹیموں میں شامل۔ میٹ ہنری 10 وکٹ کے ساتھ بولرز میں ٹاپ پر، شامی کا دوسرا نمبر، بیٹرز میں نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا آگے اور بھارتی اسٹار ویرات کوہلی ان کے پیچھے ہیں اور دنوں شاندار فارم میں ہیں۔
آئی سی سی ناک آوٹ میں کیویز اور سورما جب بھی ٹکراتے ہیں، تو میچ سنسنی خیز بناتے ہیں۔ 2019 میں کیویز نے ہرایا۔ 2023 میں بھارت نے آؤٹ کلاس کیا۔
بھارتی ٹیم لگاتار تیسرا آئی سی سی ایونٹ کا فائنل کھیل رہی ہے تو دوسری جانب کیویز بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ وہ آخری پانچ ایونٹس میں سے چار سیمی فائنلز کھیل چکے ہیں۔
دبئی کی کنڈیشنز میں بھارتی اسپنرز نے ٹیم کا پلڑا بھاری کر دیا ہے، مگر مچل سینٹنر اور بریسویل بھی بھارت کے لیے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔
بہرحال ٹورنامنٹ کی 2 سب سے بہترین ٹیمیں آج فائنل میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس میچ میں جو ٹیم بھی دباؤ جھیل لے گی، وہ ٹرافی لے اڑے گی۔