کراچی : پاکستان شوبز کی نامور اداکارہ فاطمہ آفندی نے اپنی رخصتی کا دلچسپ واقعہ سنا کر سب کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔
بیٹی کی رخصتی کے موقع پر ایک اداسی کا سا ماحول ہوتا ہے لیکن کچھ زندہ دل لوگ ایسے میں بھی ماحول کو خوشگوار بنا دیتے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ فاطمہ آفندی اور ان کی والدہ اداکارہ فوزیہ مشتاق نے شرکت کی۔
اس موقع پر اداکارہ فاطمہ آفندی نے اپنی شادی کے حوالے سے ایک یادگار واقعہ شیئر کیا، انہوں نے بتایا کہ میں نے لو میرج کی ہے، میری رخصتی کے وقت مجھے بہت رونا آرہا تھا۔
اس وقت میرے کزنز مجھے کہہ رہے تھے کہ تم یہاں بھی ایکٹنگ کررہی ہو، لیکن جب میں اپنے ابا سے گلے مل کر رونے لگی تو کہنے لگے کہ بیٹا سب کچھ تو تم نے خود ہی کیا ہے اب رو کیوں رہی ہو؟ اس بات وہاں موجود سب لوگ ہنسنے لگے۔
آنٹی کیا آپ اپنی بیٹی کی شادی مجھ سے کردیں گی؟
اس سے قبل فاطمہ آفندی کی والدہ اداکارہ فوزیہ مشتاق نے بھی ایک واقعہ بیان کیا کہ فاطمہ کی شادی سے پہلے میرے ہونے والے داماد کنور ارسلان نے رشتہ بڑے عجیب انداز میں مانگا تھا۔
انہوں نے بتایاکہ میں کسی شادی کی تقریب میں موجود تھی تو مجھے احساس ہوا کہ میرے پیچھے کوئی آکر بیٹھا ہے دیکھا تو ایک نوجوان تھا تو اس میرے کندھے پر ہاتھ رکھ کر مجھے مخاطب کیا اور کہا کہ آنٹی کیا آپ اپنی بیٹی کی شادی مجھ سے کردیں گی؟
فوزیہ مشتاق نے بتایا کہ یہ سن کر میں خود حیران ہوگئی کہ کیا ہوا، تاہم بعد ازاں فاطمہ کی رضامندی دیکھ کر رشتہ قبول کرلیا۔