لندن میں واقع بِگ بین ٹاور پر فلسطینی پرچم تھامے چڑھنے والا شخص 16 گھنٹے بعد اترنے پر آمادہ ہوگیا جسے اترتے ہی گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن کے ویسٹ منسٹر پیلس میں واقع الزبتھ ٹاور (بگ بین) کی بلند و بالا عمارت پر فلسطینی پرچم لے کر چڑھنے والے شخص کو 16 گھنٹے بعد گرفتار کرلیا گیا۔
اتوار کو آدھی رات کے تک ایمرجنسی سروسز کے اہلکار کلاک ٹاور پر چڑھے شخص کے اُترنے کے منتظر تھے بعد ازاں ایمرجنسی سروس کی اسنارکل کے ذریعے نیچے اُتارا گیا۔
کلاک ٹاور پر چڑھے شخص کو نیچے اترنے کیلئے قائل کرنے والے اہلکار اس بات کرنے کیلئے میگا فون کا استعمال کر رہے تھے، اور بالآخر وہ نیچے آگیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کے اترنے اور اس کی گرفتاری کے بعد تمام سڑکیں ٹریفک کیلیے دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔
قبل ازیں جائے وقوعہ پر موجود صحافیوں نے بتایا کہ اس شخص کے پاؤں سے خون بہہ رہا تھا، اس دوران وہاں لوگوں کا ہجوم اکھٹا ہوگیا جو پولیس کے گھیرے کے پیچھے کھڑا تھا۔
مزید پڑھیں : فلسطینی پرچم تھامے نوجوان بگ بین ٹاور پر چڑھ گیا ویڈیو وائرل
فلسطینی پرچم تھامے ایک نوجوان صبح 7 بجے پارلیمنٹ کے بگ بین ٹاور پر چڑھ کر کھڑا ہوگیا، اور رات گئے تک موجود رہا۔