کراچی : سندھ ہائیکورٹ میں ریفری جج نیب ریفرنسز کے دائرہ کار سے متعلق فیصلہ آج سنائیں گے، نیب ریفرنسز کے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے مختلف ججوں میں اختلاف ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل آغا نیب ریفرنسز کے دائرہ کار سے متعلق فیصلہ آج سنائیں گے۔
نیب ریفرنسز کے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے مختلف ججوں میں اختلاف پایاجاتا ہے، سماعت کے دائرہ کار کے متعلق بینچ رکن جسٹس یوسف علی سید نے اختلاف کیا تھا۔
جسٹس یوسف علی سعید نے کہا تھا کہ سماعت آئینی بینچ کے بجائے ریگولر بینچز کے دائرہ کار میں آتی ہے۔
آئینی بینچ ارکان میں اختلاف کے باعث ملزم عمیر اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت التوا کا شکار ہے۔
نیب ریفرنس میں نامزد سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور شرجیل میمن کی ضمانت آئینی بینچ نے ہی منظور کی تھی، جس بینچ نے ضمانت درخواست کی سماعت کی اس میں جسٹس کے کے آغا اور جسٹس ثنا منہاس شامل تھیں۔
وکلا نے مؤقف میں کہا کہ شریک ملزمان کی درخواست کی سماعت اسی بینچ میں ہوئی ہے، اس لیے دائرہ کار طے کیا گیا۔
دائرہ کار میں ججوں کے اختلاف کے باعث جسٹس فیصل آغا کو ریفری جج مقرر کیا گیا تھا، جس کے بعد جسٹس فیصل آغا نے درخواست گزاروں اور ملزمان کے وکلا کے دلائل کی سماعت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔