پیر, مارچ 10, 2025
اشتہار

صدر آصف زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : صدر آصف زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، صدر کے خطاب سے نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہہ پہر 3بجے ہوگا، صدر مملکت شوری کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، صدر کے خطاب سے نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے، صدر کے خطاب کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔

صدر مملکت اپنے خطاب میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کریں گے، تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھی اجلاس کی کارروائی دیکھنےکی دعوت دی گئی ہے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

ایوان صدر ذرائع نے بتایا کہ مشترکہ اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں یہ 16 ویں قومی اسمبلی کا 14 واں اجلاس ہوگا ، جس میں حکومتی پالیسیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔

صدر مملکت کی تقریر کے مختلف نکات تیار کئے گئے ہیں، مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب ایک آئینی تقاضہ ہے، عوامی فلاح بہبود کے حوالے سے بعض تجاویز بھی خطاب میں شامل ہیں۔

صدر مملکت کے خطاب میں خارجہ امور ، سیاست ،ملکی معیشت عوامی فلاح بہبود کے مختلف پہلووں کا احاطہ شامل ہے جبکہ عوامی ریلیف کے پیکج کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔

پارلیمنٹ میں قانون سازی کی بہتری کے لیے بھی تجاویز صدر کے خطاب کا حصہ ہیں جبکہ عوامی فلاح بہبود کے حوالے سے حکومت کے سامنے اپنی تجاویز رکھ سکتے ہیں۔

صدر کے خطاب پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث ہو گی، آصف زرداری 8 ویں بار خطاب کرنے والے پہلے صدر ہوں گے، وہ اس سے قبل 7 مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کر چکے ہیں۔

آصف زرداری نے مشترکہ اجلاس سے پہلا خطاب 28 مارچ 2009 کو سے خطاب کیا تھا جبکہ ضیاء الحق، پرویز مشرف ،غلام اسحاق خان ، سابق صدرور فاروق لغاری ،عارف علوی بھی خطاب کر چکے ہیں۔

پرویز مشرف نے صرف ایک بار ، عارف علوی نے تین بار ، ضیاء الحق اور غلام اسحاق خان نے پانچ پانچ مرتبہ، فاروق لغاری نے 3 مرتبہ اور رفیق تارڑ نے 2 بار مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

پاکستان میں پہلا صدارتی خطاب 25 مارچ 1956 کو میجر جنرل اسکندر مرزا نے کیا یہ روایت 1973 کے آئین کی منظوری کے بعد دوبارہ بحال کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں