سعودی عرب میں حج اور عمرے کی خصوصی عبادت کے لیے آنے والوں کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسکوٹر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں عمرہ اور حج کے لیے آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہنگامی طبی امداد کے لیے اب اسکوٹر سروس کا مدینہ منورہ میں بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسکوٹر سواروں پر مشتمل یہ عملہ عمرہ اور حج ادا کرنے والوں کو ہنگامی طبی امداد مہیا کرے گا، اب تک 91 افراد کو ان ٹیموں نے رش والے مقامات سے اسپتال منتقل کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی انتظامیہ نے زائرین کو بڑی سہولت فراہم کردی ہے۔
انتظامیہ نے سہولت کے لیے اردو، انگلش اور عربی زبانوں میں ڈیجیٹل نقشے جاری کردیئے ہیں، جس کے ذریعے نماز کے اوقات میں مسجد میں گنجائش کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ڈیجیٹل نقشے کے ذریعے مسجد نبویؐ کی اندرونی و بیرونی براہ راست صورتحال معلوم کرنے کے لیے کیوآر کوڈ سکین کیا جاتا ہے۔
اس طرح زائرین کو یہ معلوم کرنے میں سہولت حاصل ہوجاتی ہے کہ کہاں جگہ خالی ہے اور کون سے مقامات پر رش موجود ہے۔
مسجد نبویؐ میں نمازیوں کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی
ڈیجیٹل نقشے کے ذریعے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 12 مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں افراد کی تعداد کے مطابق گنجائش کا تعین کرسکتے ہیں۔
جس مقام پر لوگ زیادہ ہوتے ہیں اور وہاں مزید گنجائش نہیں ہوتی تو نقشے میں وہ مقام ’فل‘ ظاہر ہوتے ہیں۔