امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یوکرینی حکام کے ساتھ مذاکرات کے اچھے نتائج کی توقع ہے، امید ہے یوکرین کیساتھ معدنیات کا معاہدہ بھی طے پا جائے گا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس پر محصولات عائد کرنے کے حوالے سے کافی چیزیں زیرغورہیں۔
روس، چین اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقوں کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کل یوکرین کا وفد سعودی عرب میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی حکام سے مذاکرات کرے گا۔
واضح رہے کہ ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں ایرانی ساحلی علاقے چابہار میں کل سے شروع ہوں گی۔
چین ، روس اور ایران کی مشترکہ فوجی مشقیں
رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں منگل سے چابہار بندرگاہ کے علاقے میں ہوں گی۔مشقوں میں روسی، چینی اور ایرانی بحریہ کے جنگی جہاز اور معاون بحری جہاز حصہ لیں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فوجی مشقوں کا مقصد ایران، روس اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تعاون وسیع کرنا ہے۔