پیر, مارچ 10, 2025
اشتہار

کویت میں 42 ہزار شہریوں کی شہریت منسوخ

اشتہار

حیرت انگیز

کویت میں غیر معمولی طور پر گزشتہ 6 ماہ کے دوران تقریباً 42 ہزار شہریوں کی شہریت منسوخ کر دی گئی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویت کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان شہریوں کی شہریت منسوخ کی گئی ہے، جنہوں نے دھوکہ دہی سے شہریت حاصل کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق اس مہم نے غیر متناسب طور پر وہاں کے شہریوں کو بھی متاثر کیا ہے، بشمول وہ خواتین جنہوں نے کویتی شہری سے شادی کرنے کے بعد اپنی اصل قومیت ترک کر دی تھی۔

گزشتہ ماہ کویت میں حکام کی جانب سے 4135 خواتین سمیت 4141 افراد کی شہریت ختم کی گئی تھی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہریت سے محروم افراد کو وہ تمام مراعات حاصل ہوں گی جو پہلے تھیں۔

قبل ازیں کویتی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ شادی کے خواہشمند تمام افراد اپنا طبی معائنہ لازمی کرائیں۔

غیرملکی جوڑوں کے لیے بھی یہ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد معاشرتی حوالے سے صحت کو برقرار رکھتے ہوئے موروثی امراض کا خاتمہ کرنا ہے۔

کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی کا نفاذ صحت سے متعلق قوانین کو جدید خطوط پر استوار کرنے، صحت مند ازدواجی زندگی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی طبی معیارات کے مطابق طریقہ کار کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ طبی معائنہ کویت میں ہونے والے تمام دستاویزی نکاح ناموں کے لیے لازم ہوگا، چاہے دونوں فریق کویتی ہوں، ان میں سے کوئی ایک کویتی ہو، یا دونوں غیر ملکی ہوں۔

مزید برآں، شادی سے قبل طبی معائنہ کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کا استعمال بھی متعارف کرایا جائے گا، اس سے قبل یہ معائنہ صرف کویتی شہریوں کے لیے لازمی تھا۔

کویت سے غیرملکیوں کے لئے بڑی خبر

وزارت صحت نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ یہ قوانین یکم اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوں گے اور انہیں سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں