اسلام آباد : پرائز بانڈز رکھنے والوں کے لئے بڑی خبر آگئی، ایسے پرائز بانڈز متعارف کئے جارہے ہیں، جن کی لین دین موبائل ایپ کے ذریعے ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت جلد ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے جا رہی ہے، جو موبائل ایپ کے ذریعے خریدے اور منظم کیے جائیں گے۔
ڈیجیٹل بانڈز چوری، گمشدگی اور فراڈ کے خطرات کم کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت میں شفافیت اور لاگت میں کمی لائیں گے۔ خرید و فروخت اور انعامی رقم کی ادائیگی آسان اور مؤثر ہوگی۔
یہ بانڈز خریداری کے وقت منسلک بینک یا نیشنل سیونگز اکاؤنٹ میں جمع ہوں گے، یہ زکوٰۃ سے مستثنیٰ مگر انعامی رقم قابل ٹیکس ہوگی.
پرائز بانڈ سے انعامی رقم حاصل کرنے کا آسان طریقہ
ابتدائی طور پر، 500، 1,000، 5,000 اور 10,000 روپے کے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کیے جائیں گے، جو 18 سال سے زائد عمر کے شہری نیشنل سیونگز ایپ یا مجاز پلیٹ فارمز سے خرید سکیں گے۔
خریداری کی ادائیگی لنک شدہ بینک اکاؤنٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی تاہم ادائیگی اور انعامی رقم براہ راست بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی۔
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی ہر تین ماہ بعد ہوگی اور قرعہ اندازی کا شیڈول ہر کیلنڈر سال کے آغاز میں سی ڈی این ایس کی طرف سے اعلان کیا جائے گا۔
یہ پرائز بانڈز کے خریدار خریداری کے وقت کسی نامزدگی کا تعین کر سکتے ہیں جسے بعد میں تبدیل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔