اسلام آباد : پاکستان میں پہلی بار”ڈی مٹیریلائزڈ آئی ڈی کارڈ” کا اجرا کردیا گیا، جس سے شہریوں کو موبائل میں شناختی کارڈ رکھنے کی سہولت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کی سلور جوبلی کے موقع پر پاکستان میں پہلی بار”ڈی مٹیریلائزڈ آئی ڈی کارڈ” کا اجرا کردیا گیا۔
یہ کارڈ ڈیجیٹل شناخت کی جانب اہم قدم ہے، پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں فیچر کے بعد شہریوں کو موبائل میں شناختی کارڈ رکھنے کی سہولت ہوگی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ڈیجیٹل تصدیقی نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، ڈی مٹیریلائزڈ کارڈ کی تصدیق کا مربوط نظام بھی وضع کیا جارہا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا کے وسیع نیٹ ورک کی بدولت شناختی خدمات آج ہرپاکستانی کی پہنچ میں ہیں، قومی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے نادرا کی معاونت لائق تحسین ہے۔
نادرا ہیڈکوارٹرز میں پروقار تقریب میں صدر مملکت اور وزیر اعظم کی جانب سے تہنیتی پیغامات دیئے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ شہریوں کو قانونی اور محفوظ شناخت کی فراہمی کیلئے نادرا کی خدمات لائق تحسین ہیں، نادرا، ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنا رہا ہے، نادرا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دے کر اپنی کارکردگی میں بہتری لائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نادرا نے پاکستان، نائجیریا، کینیا کے شناختی نظام کو تشکیل دیا، نادرا دنیا کی آبادی کے تیسرے بڑے حصےکو خدمات فراہم کر رہا ہے، ٹیکنالوجی کے میدان میں نادرا کی مہارت ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔