جیکب آباد میں بدنام ڈاکوؤں نے 9 معلمات کو اغوا کرنے کی کوشش کی تھی جس سے خوفزدہ خواتین ٹیچرز نے اسکول جانا چھوڑ دیا۔
اے آر وائی نیوز کے جیکب آباد میں نمائندے موسیٰ بلوچ کے مطابق گزشتہ دنوں بدنام ڈاکو مچھو بنگلانی گینگ نے خواتین اساتذہ کی وین روک کر اس میں سوار 9 معلمات کو اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔
اغوا کی کوشش کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس میں تین موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں کی جانب سے خواتین اساتذہ کی گاڑی روکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈاکوؤں کی اس حرکت کے بعد وین میں چیخ وپکار مچ گئی اور معلمات نے ڈاکوؤں کو دیکھ کر قرآنی آیات کا ورد شروع کر دیا تھا۔
بعد ازاں علاقہ مکین ڈنڈے، لاٹھیاں لے کر وہاں پہنچ گئے اور ان کی مزاحمت پر ڈاکو اپنی اس قبیحہ کوشش میں کامیاب نہ ہوسکے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔
View this post on Instagram
پولیس نے خواتین اساتذہ کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں مچھ بنگلانی سمیت 8 ڈاکوؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
تاہم اس واقعہ کے بعد خواتین اساتذہ میں اتنا خوف پھیل گیا ہے کہ انہوں نے اسکول جانا چھوڑ دیا ہے جب کہ اسکولوں میں پرائمری اور مڈل کلاسز کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے۔