محمد یوسف پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہو گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق بیٹنگ کنسلٹنٹ محمد یوسف آئندہ وائٹ بال نیوزی لینڈ کے دورے سے دستبردار ہو گئے ۔
پی سی بی کے مطابق سابق کپتان نے بیٹی کی علالت کے باعث دورے سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
یوسف کی عدم دستیابی کے باوجود کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے لیے ان کے متبادل کا نام نہیں لیا۔ دریں اثنا، قومی مردوں کی ٹیم وائٹ بال کے دورے کے لیے بدھ کی صبح نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہونے والی ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان محمد یوسف کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیاہے۔
16 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہنے والی سیریز میں پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے کھیلے جائیں گے۔ محمد یوسف شاہد اسلم کی جگہ لیں گے جو اس سے قبل بیٹنگ کوچ کے عہدے پر فائز تھے۔
عاقب جاوید دورہ نیوزی لینڈ کے لیے عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ اگرچہ عاقب کی اصل مدت آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد ختم ہونے والی تھی لیکن ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع کریں جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مستقل ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کر رہا ہے۔
نیوزی لینڈ ٹیم
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قیادت مائیکل بریسویل کو سونپی گئی ہے۔
اس سیریز کے لیے چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کے سات کھلاڑیوں کو کیوی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ تاہم نیوزی لینڈ کے کچھ اہم کھلاڑی اس سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ٹیم میں ایش سودھی اور بین سیئرز کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ کائل جیمیسن اور ول او رورکی ابتدائی تین میچز میں شرکت کریں گے جبکہ میٹ ہنری آخری دو میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
آئی پی ایل کی مصروفیت کی وجہ سے معروف کھلاڑی لوکی فرگوسن، ڈیون کونوے، گلین فلپس، رچن روندرا اور مچل سینٹنر پاکستان کیخلاف ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
نیوزی لینڈ بورڈ کی اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
مائیکل بریسویل (کپتان)، فن ایلن، مارک چیپمین، جیکب ڈفی، زیک فوکس، مچ ہے، میٹ ہینری، کائل جیمیسن، ڈیرل مچل، جمی نیشم، ول او رورکی، ٹم رابن سن، بین سیئرز، ٹم سائفرٹ اور ایش سودھی۔