بھارتی ایئرٹیل نے بھارت میں اسٹارک لنک سیٹیلائٹ انٹرنیٹ کے انتہائی متوقع لانچ کے لیے ایلون مسک کے اسپیس ایکس کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیے۔
اسپیس ایکس کا اسٹار لنک طویل عرصے سے بھارت میں لانچ کرنا چاہتا ہے اور حالیہ مہینوں میں ارب پتی مکیش امبانی کی کمپنی کے ساتھ اس بات پر جھگڑا ہوا کہ ملک کو سیٹیلائٹ خدمات کے لیے اسپیکٹرم کس طرح دینا چاہیے۔
بھارتی حکومت نے مسک کا ساتھ دیا ہے کہ اسپیکٹرم کو تفویض کیا جانا چاہیے اور نیلام نہیں کیا جانا چاہیے لیکن اسٹار لنک کی لائسنس کی درخواست ابھی بھی زیر غور ہے۔
ایئرٹیل نے کہا کہ یہ معاہدہ اسپیس ایکس کے بھارت میں اسٹار لنک کو فروخت کرنے کے لیے اپنے اختیارات حاصل کرنے سے مشروط تھا۔
بھارتی ٹیلی کام فرم کا کہنا ہے کہ اسپیس ایکس اور ایئرٹیل کاروباری صارفین کو اسٹار لنک آلات اور خدمات پیش کرنے کے لیے تعاون کریں گے جبکہ اسکولوں، صحت کے مراکز اور دور دراز کے علاقوں میں بھی کنکشن فراہم کریں گے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ کمپنیاں اسٹار لنک کے لیے ایئرٹیل نیٹ ورک کو بڑھانے میں مدد کرنے کے طریقے بھی تلاش کریں گی جبکہ اسپیس ایکس ممکنہ طور پر ملک میں ایئرٹیل کے زمینی نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر صلاحیتوں کو استعمال کرے گی۔
واضح رہے کہ یہ اعلان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی واشنگٹن میں ایلون مسک سے ملاقات کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے جہاں انہوں نے خلا، نقل و حرکت، ٹیکنالوجی اور اختراعات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔