لاہور: پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے وائس کیپٹن شاداب خان نے کہا ہے کہ نائب کپتانی کی ذمہ داری ملی ہے، اس ذمہ داری کو اچھے سے نبھاؤں گا۔
نیوزی لینڈ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں دوبارہ قومی ٹیم میں موقع ملا، جو ہمیں ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے ٹاسک دیا گیا ہے امید ہے اس پر پورا اتریں گے۔
شاداب خان نے کہا کہ ہماری اس ٹیم میں کافی نوجوان کھلاڑی ہیں، ٹیم کو مثبت رزلٹ ملیں گے، کسی بھی نوجوان کھلاڑی کیلئے اعزاز کی بات ہوتی ہے وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے۔
دورہ نیوزی لینڈ میں شاداب خان کی واپسی یقینی، اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ
پاکستانی آل رائونڈر کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں کافی نوجوان کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار سلیکٹ ہوئے ہیں، ہمیں اپنے نوجوان کھلاڑیوں سے کافی امیدیں ہیں، امید ہے اچھے نتائج ملیں گے۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہونے کیلئے لاہورایئر پورٹ پہنچی، پاکستان ٹیم کی فلائٹ 3 بجکر 30 منٹ پر شیڈول ہے۔
:قومی کرکٹ ٹیم براستہ دبئی نیوزی لینڈ پہنچے گی، قومی ٹیم نے ہوٹل سے ایئر پورٹ روانگی سے قبل گروپ فوٹو بنوایا، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی 20سیریز کا پہلا میچ 16 مارچ کو کھیلا جائیگا۔