اسلام آباد : جعفر ایکسپریس حملے پر بھارتی میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس گمراہ کن پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جعفرایکسپریس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پر بھارتی اور ملک دشمن سوشل میڈیا متحرک ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بزدلانہ حملے کے بعد سے بھارتی میڈیا،سوشل میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس مسلسل گمراہ کن، جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پرانی ویڈیوز، اے آئی سے تیارویڈیوز،پرانی تصاویر، فیک وٹس ایپ پیغامات اور پوسٹرز کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔
دہشت گردوں سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی پاکستان مخالف زہر اگلنے میں بھارتی میڈیا کا ساتھ دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا پاکستان سے باہر بیٹھے خود ساختہ بلوچ رہنماؤں کے تجزیے دکھا کر لوگوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں، عوام سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈا کی بجائے مستند ذرائع سے دی جانے والی معلومات پر اکتفا کریں۔