کراچی: محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی میں تیزبارش کی پیش گوئی کی ہے، بالائی علاقوں میں بھی آئندہ تین روزتک بارشوں کاامکان ہے۔
موسم کےتیور بدلے بدلےسے ہیں کہیں بارش، کہیں برفباری، توکہیں سردہوائیں دلوں کولُبھا رہی ہیں اورکہیں دُھند چھائی ہوئی ہے، کراچی والے بھی تیار ہوجائیں، کیوں کہ بادل جم کربرسنے کو تیار ہیں۔
موسم کے ماہرین نے شہرِقائدمیں کل صبح تیزبارش کی پیش گوئی کردی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہواکے دباؤ کانیاسسٹم کراچی پربھی اثراندازہوگا، جس سے کراچی میں سردی دوبارہ بڑھنے کاامکان ہے۔
ادھربالائی علاقوں اورخیبرپختونخواہ میں کئی روزسے جاری بارشوں نے ٹھنڈ بڑھادی ہے۔
راولپنڈی میں بارشوں نے زندگی کا پہیہ جام کیا تواسلام آبادمیں برستے بادلوں نے بھی شہرِاقتدارکاحُسن بڑھایا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روزکے دوران اسلام آباد، کوئٹہ، ژوب، فاٹا میں کہیں کہیں بارش جبکہ پشاور، کوہاٹ، قلات ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چندمقامات پربارش اورپہاڑوں پربرفباری کی پیش گوئی کی ہے۔