اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے خواجہ آصف کے بیان پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’وزیر دفاع کے دماغ پر بلوچستان کی بجائے پی ٹی آئی سوار ہے۔‘‘
سابق اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیر دفاع ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے استعفیٰ دیتے، لیکن ان کے دماغ پر بلوچستان کی بجائے پی ٹی آئی سوار ہے، یہ جعلی پارلیمنٹ ہے، بلوچستان اور قومی اسمبلی میں جعلی نمائندے ہیں، جعلی لوگ اسمبلی میں لائے گئے جوعوام کے نمائندے نہیں۔
اسد قیصر نے کہا ہم نے فوری نئے انتخابات کا مطالبہ کیا تاکہ پارلیمنٹ کو طاقت ملے، بلوچستان کے عوام کو حقوق نہیں دیے گئے، خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، ایران اور افغانستان کے ساتھ آپ کے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں، آج جو کچھ ہو رہا ہے یہ صرف آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
انھوں نے بلاول بھٹو زرداری کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے کہوں گا ابھی میں سندھ گیا تھا، ایسا لگا وہاں حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے، سندھ تو چھوڑیں کراچی کا حال دیکھ لیں، پورا انفرا اسٹرکچر ہی تباہ حال ہے۔
جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا، ترجمان دفتر خارجہ
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب میں کہا تھا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد پی ٹی آئی کے سوا ساری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، یہ لوگ دہشت گردوں کے خلاف جنگ سے انکاری ہیں، حملے کے بعد پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے منفی کردار ادا کیا اور دہشت گردوں کو کریڈٹ دیا۔