وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق اہداف پر عملدرآمد ہورہا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اے آر وائی نیوز کو آئی ایم ایف کے اعلامیے پر تبصرے کے دوران بتایا کہ قرض پروگرام اہداف پر عملدرآمد کو یقین بنایا ہے، شرائط کے مطابق اہداف پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ معاشی ٹیم کی کارکردگی کو وفد نے سراہا ہے آئی ایم ایف وفد سے مثبت چیت ہوئی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ وفد کو تمام اہداف پر عملدرآمد سے آگاہ کیا، آئی ایم ایف وزٹ کے دوران وفد سے بہتر انداز میں بات ہوئی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف وفد سے بات جاری رہے گی۔ آئندہ دنوں میں بات چیت سے رزلٹ ملے گا۔
واضح رہے کہ اس سلسلے میں آئی ایم ایف نے پاکستان سے متعلق اعلامیہ بھی جاری کیا، آئی ایم ایف کے مشن چیف برائے پاکستان نیتھن پورٹر نے اپنے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 7 ارب ڈالر قرض پروگرام پر جائزہ کے لیے بات چیت ہوئی۔
نیتھن پورٹر نے کہا کہ ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ کلائمیٹ فنانسنگ کے لیے بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان نے موجودہ قرض پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کیا، پاکستان کے ساتھ قرضوں کی ادائیگی کی مینجمنٹ پر بات چیت ہوئی۔
پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں لاگت کم کرنے پر بات چیت ہوئی جبکہ توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر غور ہوا ۔ پاکستان کے ساتھ معاشی ترقی کی شرح بڑھانے ، صحت عامہ کی بہتری کے لیے بھی بات چیت ہوئی۔
اعلامیے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ تعلیمی شعبے کے فروغ کے لیے اور مستحق طبقات کے سماجی تحفظ کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا، پاکستان کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا، پاکستان کے ساتھ مزید بات چیت آن لائن جاری رہے گی، مشن چیف نیتھن پورٹر کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے ساتھ بات چیت مثبت رہی۔
وزارت خزانہ کے اعلی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آئی ایم ایف کو 2 ارب ڈالر قرض کی درخواست کردی ایک ارب ڈالر قرض قسط اور ایک ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے منظور کیے جائیں گے۔ قرض قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کی منظوری یکمشت دیے جانے کا امکان ہے۔
کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے ایک ارب ڈالر قرض پاکستان کو اقساط میں ملیں گے۔ وفد نے درخواست منظوری کیلئے ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے آئی ایم ایف گراؤنڈ ورکنگ کو مانیٹر کرے گا۔ اقتصادی جائزہ مذاکرات کے بعد ایگزیکٹو بورڈ سے قرض منظوری اپریل، مئی میں متوقع ہے۔