سیکورٹی فورسز نے آج (جمعہ) کے روز ڈی آئی خان کے گاؤں سکندر شمالی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں واصل جہنم کردیا گیا۔ کل بھی جنڈولہ میں 10 خوارج کو ہلاک کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ یعنی فروری میں کل 156 دہشت گرد مارے گئے تھے، دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیابیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشاورانہ صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
قوم خوارج کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ان شاء اللہ خوارج کو شکست ہوگی۔
دوسری جانب جعفر ایکسپریس حملے کے بعد قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پر وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم اسلام آباد نے 3 مقدمات درج کر لیے۔
ایف آئی اے نے مقدمات پیکا ایکٹ کے تحت صحافی احمد نورانی، شفیق احمد ایڈووکیٹ اور آئینہ درخانی کے خلاف درج کیے گئے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو اداروں کے خلاف بھڑکایا اور کالعدم تنظیموں کو پروموٹ کرنے کی کوشش کی۔
پروپیگنڈے میں بھارتی میڈیا جو جعلی خبریں پھیلا رہا تھا اسے بھی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے مزید اکاؤنٹس کی چھان بین کا سلسلہ جاری ہے۔
جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس گمراہ کن، جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ را اور کالعدم تنظیم بی ایل اے کے پیغامات پھیلانے میں مصروف ہے، بھارتی چینلز نے حملے کی بی ایل اے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی خبر دی جسے بھارتی اکاؤنٹس نے پھیلایا۔
بھارتی چینلز حسب روایت اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) سے بنی ویڈیوز اور تصاویر کا سہارا لے کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جعلی ویڈیو بھارتی اور مخصوص جماعت کے اکاؤنٹس پر جاری کی گئی جو 2022 کی ایک فلم کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی میڈیا کے بے بنیاد پروپیگنڈے کے ساتھ مخصوص سیاسی جماعت سے جڑے اکاؤنٹس بھی حصہ لے رہے ہیں اور مخصوص سیاسی جماعت اور بھارتی میڈیا ریسکیو آپریشن میں مصروف افواجِ پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔